ایک نیوز: الیکشن کمیشن کے انتخابات کرانے کے فیصلے پر مسلم لیگ ن نے ردعمل دیدیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس الیکشن میں عمران خان کو کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن میں خطرہ نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں الیکشن ایک دن ہو۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن فیصلہ کرنے میں آزاد ہے لیکن یہ فیصلہ حکومت پر بائنڈنگ نہیں، الیکشن کمیشن کو پیسے دینے سے متعلق جب تک پارلیمنٹ فیصلہ نہیں کرتی یہ بات ابھی قبل از وقت ہوگی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کوئی فیصلہ کرتی ہے تو وہ حکومت پر بائنڈنگ ہوگا، قرار داد پوری پارلیمنٹ کا حکم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ بینچ پوری پارلیمنٹ کو گھر بھیجنا چاہتا ہے تو یہ بھی ایک بار ہوجانا چاہیے، چار ججز پکار پکار کر کہہ رہے ہیں کہ ہمارا یہ فیصلہ ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ لاہور کے کسی وکیل سے پوچھ لیں دو بیٹوں کا قصہ کیا ہے؟ چار ججز کا فیصلہ ہے کیا وہ چار ججز کمتر جج ہیں، کیا یہ 9 سے 7 اور پھر 5 اور پھر 3 کا بینچ نہیں بنا؟