مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کچھ ساتھیوں کا آئین کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑے ہونا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں۔ اقتدار کی ہوس نے عمران خان اور حواریوں کو ذہنی مفلوج کر دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران نیازی ہوں گے اور اگر معاشی طور پر تباہ ہوئے تو کسی کو عالمی سازش کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور اگر عدم استحکام جاری رہا تو ڈالر 200 روپے سے اوپر چلا جائے گا اور اس وقت بھی ڈالر کی قیمت 186 روپے سے اوپر جا رہی ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ سازش عمران نیازی نے معیشت کی تباہی کی صورت میں کی ہے۔ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 4.3 ارب ڈالر یعنی 430 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔عدالت عظمٰی کا جلد فیصلہ کرنا پاکستان کے قومی مفادات کی ضرورت ہے۔