ایک نیوز: ایف آئی اے لاہور زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئےانسانی سمگلنگ میں ملوث خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتارکر لیا، ملزمان سے متعدد پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، گرفتار ملزمان میں مہر یار، حسنین علی اور میراج فاطمہ نامی ملزمہ شامل ہیں۔
ملزمان کو لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ،ملزم حسنین علی نے شہری کو کینیڈا بھجوانے کیلئے لاکھوں روپے ہتھیائے، ملزم نے شہری سے کینیڈا کا ورک ویزہ فراہم کرنے کیلئے31 لاکھ 76 ہزار روپے وصول کیے جبکہ ملزم مہر یار شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر پاسپورٹ اور لاکھوں روپے بٹور رہا تھا۔
ملزم کو پاسپورٹ سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ،ملزم کے قبضے سے 14 پاکستانی پاسپورٹ برآمد کر لئے گئے ،میراج فاطمہ نامی ملزمہ نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر بیرون ملک کے نام پر شہریوں سے پاسپورٹ وصول کر رہی تھی، ملزمہ کے قبضےسے6پاسپورٹس اور دیگر سفری ایگریمنٹ برآمد کر لئے گئے۔
ملزمان بغیر لائسنس شہریوں سے پاسپورٹ وصول کر رہے تھے ، ملزمان برآمد ہونے والے پاسپورٹس کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے ، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزم بہزاد عالم کو کراچی کے علاقے صدر سے گرفتار کیا ، ملزم غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث تھا،ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، چھاپے کے دوران ملزم سے 10 کروڑ 24 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے برآمدہوئی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم سے 51850 امریکی ڈالر، 1500 آسٹریلین ڈالر اور 250 درہم بھی برآمدہوئے،ملزم بغیر لائسنس کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ہے، ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا،حوالہ ہنڈی سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا،ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔