ایک نیوز : باسکٹ بال میچ کے دوران مخالف پلیئر کی کہنی لگنے سے سربیا کے کھلاڑی کا گردہ ضائع ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق منیلا میں باسکٹ بال ورلڈ کپ میں 30 اگست کو سربیا اور جنوبی سوڈان کے میچ میں سربیا کے فارورڈ پلیئر بوریسا سیمانک حادثاتی طور پر جنوبی سوڈان کے پلیئر کی کہنی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔سربیا کی باسکٹ بال فیڈریشن نے منگل کو اعلان کیا کہ اس واقعے میں انکے کھلاڑی بوریسا سیمانک اپنا ایک گردہ کھو چکے ہیں اور منیلا میں گزشتہ اتوار کو آپریشن کے بعد انکا ناکارہ ہونے والا گردہ نکال دیا گیا ہے۔
سیمانک بدھ کو جنوبی سوڈان کے خلاف سربیا کی جیت سے صرف 2 منٹ پہلے زخمی ہوئے تھے۔جنوبی سوڈان کے کھلاڑی نونی اوموٹ باسکٹ کے نیچے گول کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران انکی کہنی سیمانک کی پیٹ پر لگی جس سے وہ چند سیکنڈ بعد چیخ مارنے کے بعد گھٹنوں کے بل بیٹھ گئے۔
¡Le costó un riñón! Le dieron un codazo al basquetbolista serbio Borisa Simanic en un partido contra Sudán en el Mundial. Se lo llevaron al hospital y le sacaron el riñón completo. “Fue sin querer”, dijo el jugador sudanés.
— Javier Alatorre (@Javier_Alatorre) September 5, 2023
pic.twitter.com/a1SfRY3Uhb
نونی اوموٹ نے جنوبی سوڈان کی باسکٹ بال فیڈریشن کے توسط سے جاری بیان میں کہا کہ میں سیمانک کیساتھ پیش آنے والے واقعے پر بہت افسردہ ہوں اور ایک اسپورٹس مین کے طور پر اس صورتحال کی سنگینی کو سمجھتا ہوں۔ مجھے بہت افسوس ہے کہ ایسا ہوا سیمانک کی صحت یابی اور جلد واپسی کیلئے دعا گو ہوں۔دریں اثنا جنوبی سوڈان کی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اوموٹ کو اس واقعے کے بعد ہراسانی اور نسل پرستی کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ باسکٹ بال ایک ایسا کھیل ہے جو لوگوں کو یکجا کرنے کے لیے پہچانا جاتا ہے اسے تعصب کے آلے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔خیال رہے کہ سیمانک نے ورلڈ کپ کے دوران تین میچز میں سربیا کے بینچ سے تقریباً 20 منٹ میں تین پوائنٹس بنائے تھے۔