ایک نیوز: ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز کو منگل 12 ستمبر کو متعارف کرایا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس سال آئی فون 15 سیریز میں 4 نئے ماڈلز کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔یہ سیریز آئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس پر مشتمل ہوگی۔
چاروں میں پرو ماڈلز فیچرز کے حوالے سے زیادہ بہتر فونز ہوں گے۔آئی فون 15 پرو ماڈلز میں 10 نئے فیچرز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
فیچر:
1۔ مختلف لیکس کے مطابق اس سال کے پرو ماڈلز کے لیے Titanium فریم استعمال کیا جائے گا جس کے باعث ان کا وزن گزشتہ سال کے پرو ماڈلز کے مقابلے میں کم ہوگا۔
2۔ اسی طرح آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس میں نئی اے 17 بائیونک چپ موجود ہوگی جس کے باعث وہ زیادہ طاقتور اور تیز ہو جائیں گے۔
3۔ ایپل کی جانب سے اس سال پرو ماڈلز کے لیے سائیلنٹ سوئچ کی جگہ ایکشن بٹن کا اضافہ کیا جائے گا جو متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
4۔ اس سال کے آئی فونز کی ایک خاص بات چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ کو متعارف کرانا ہوگا جس سے ڈیٹا ٹرانسفر اسپیڈ بھی بڑھ جائے گی۔
5۔ اس سال پرو ماڈلز کے لیے کم از کم 4 نئے رنگوں کا آپشن فراہم کیا جائے گا۔
6۔ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔
7۔ آئی فون 15 پرو ماڈلز کے لیے 8 جی بی ریم دی جائے گی یعنی گزشتہ سال کے ماڈلز سے 2 جی بی ریم زیادہ۔
8۔ ان نئے آئی فونز کے لیے وائی فائی 6 ای سپورٹ دی جائے گی جس سے وائرلیس انٹرنیٹ اسپیڈ تیز ہو جائے گی۔
9۔ آئی فون 15 پرو میکس کے کیمرا سیٹ اپ میں پیری اسکوپ ٹیلی فوٹو کیمرا بھی موجود ہوگا جس سے 5 سے 6 ایکس آپٹیکل زوم کرنا ممکن ہو جائے گا۔
10۔ مختلف لیکس کے مطابق آئی فون 15 پرو ماڈلز کو زیادہ آسانی سے ریپیئر کرنا ممکن ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سال آئی فون 15 پرو ماڈلز کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔ابھی یہ واضح نہیں کہ قیمت میں کتنا اضافہ کیا جا سکتا ہے، مگر مختلف لیکس کے مطابق آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس کی قیمت میں کم از کم 100 سے 200 ڈالرز کا اضافہ ہو سکتا ہے۔