اسرائیل نے بحرین میں اپنے سفارت خانے کا افتتاح کر دیا

israeali embessy in bharain opened
کیپشن: israeali embessy in bharain opened
سورس: google

 ایک نیوز : اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے  بحرین کے دارالحکومت منامہ  میں اسرائیلی سفارت خانے کا سرکاری افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں بحرین کے وزیر خارجہ نے بھی شرکت کی۔
"اسرائیل عریبک " کی طرف سے سوشل میڈیا سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق "کوہن نے آج  اسرائیل کے منامہ سفارت خانے کا سرکاری افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں بحرین کے وزیر خارجہ عبدالفتاح الزیانی نے بھی شرکت کی۔ افتتاح کے بعد کوہن نے سفارت خانے کے داخلی حصے میں 'مزوزا' بھی لٹکایا ہے"۔

واضح رہے کہ 'مزوزا 'ایک چھوٹی ڈبیا ہے جس میں تورات  کا متن رکھا ہوتا ہے۔ اس ڈبیا کو یہودی نئے گھر یا کاروباری جگہ کے افتتاح کے وقت داخلی دروازے کی چوکھٹ کے دائیں حصّے پر لٹکاتے ہیں۔

بیان کے مطابق وزیر خارجہ کوہن نے اپنی مصروفیات کے دوران بحرین کے حکام سے بھی ملاقات کی اور ولیعہد پرنس سلمان بن الخلیفہ کے ساتھ ملاقات کی تفصیلات کو سوشل میڈیا ایکس سے شیئر کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ " ولیعہد پرنس کے ساتھ مذاکرات میں ہم نے علاقائی مسائل، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے معاملے میں دونوں ممالک کے عزم، آزاد تجارت کے سمجھوتے  سے تعاون اور اسرائیل اور بحرین کے نوجوانوں کے درمیان تعاون کے منصوبوں پر بات چیت کی ہے"۔

وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا ہے کہ "ابراہم سمجھوتے مشرق وسطیٰ کا چہرہ تبدیل کر دیں گے اور علاقائی عوام کو خوشحالی اور امن و امان نصیب ہو گا۔ ان سمجھوتوں کے ساتھ تعاون پر میں نے ولیعہد پرنس کا شکریہ ادا کیا ہے"۔