ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے القادر ٹرسٹ کی رجسٹریشن کے سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے درخواست دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ القادر یونیورسٹی پراجیکٹ ٹرسٹ اسلام آباد میں چیریٹی قانون کے تحت رجسٹرڈ ہے، القادر ٹرسٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز، لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا منتظر ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے تعلیمی اداروں کے قیام کیلئے القادر ٹرسٹ قائم کیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ القادر یونیورسٹی جی سی یونیورسٹی لاہور سے الحاق شدہ ادارہ ہے۔ ٹرسٹ کا مقصد القادر یونیورسٹی کا قیام ہے جس میں دینی و سائنسی تعلیم دی جائے گی، ٹرسٹ کا مقصد ملک بھر میں تعلیم کے فروغ کیلئے سکول، کالجز، یونیورسٹیوں کا قیام ہے۔ القادر ٹرسٹ کا مقصد رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہے۔
درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے القادر ٹرسٹ کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا گیا، ڈائریکٹر انڈسٹریز، لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے القادر ٹرسٹ کی رجسٹریشن کی درخواست منظور کی گئی، درخواست منظوری کے باوجود القادر ٹرسٹ کی رجسٹریشن کا سرٹیفیکیٹ جاری نہیں کیا جارہا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ڈائریکٹر انڈسٹریز، لیبر ڈیپارٹمنٹ کو القادر ٹرسٹ کی رجسٹریشن کا سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کا حکم دے۔ درخواست میں کابینہ ڈویژن، ڈائریکٹر انڈسٹریز، لیبر ڈیپارٹمنٹ چیف کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔