گلگت بلتستان میں ہزاروں طلبا کی امن ریلی 

Sep 05, 2023 | 12:59 PM

ایک نیوز: گلگت بلتستان کے طلبا امن کیلئے متحد ہوگئے، چار اضلاع کے 4 ہزار طلبا نے امن و اتحاد کیلئے پرجوش مظاہرہ کیا۔ اسٹوڈنٹس پاور فار پیس کیلئے پرجوش امن ریلی  کا مقصد گلگت بلتستان کے بارے میں پیدا کی گئی غلط فہمیوں کا ازالہ تھا۔ 

امن ریلی  میں شریک طلبا نے فرقہ وارانہ کشیدگی سے پاک ایک پرامن گلگت بلتستان کی شناخت کو کوئی نقصان نہ پہنچنے دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ریلی میں  گلگت، غذر، ہنزہ اور نگر کے چار اضلاع سے آنیوالے طلبا شریک ہوئے۔ 

امن ریلی کا آغاز بوائز ہائی سکول نمبر 1 گلگت سے ہوا، شرکاء نے سول سیکرٹریٹ گلگت بلتستان تک پرامن مارچ کیا۔ ریلی کے شرکاء نے چیف سیکرٹری کے دفتر پہنچ کر امن و محبت اور اخوت کے اسلامی جذبے سے وابستگی کی  قرارداد پیش کی۔ طلبا کی امن قرارداد کا متن ہے کہ تعلیم ہماری پہلی ترجیح ہے، اسے حاصل کرنے کے لیے گلگت بلتستان کی نئی نسل کو پرامن ماحول کی ضرورت ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ “جی بی میں امن اور ہم آہنگی  برقرار رکھنے کے لیے اپنی زوردار حمایت کا یقین دلاتے ہیں”۔ “جی بی فرقہ وارانہ کشیدگی اور تنازعات سے پاک خطہ ہے یہاں کشیدگی کی آگ بھڑکانے کیلئے افواہ سازی اور جھوٹی اطلاعات کا مقابلہ کیا جائیگا”۔“جی بی کے نوجوان اخوت کے اسلامی تصور سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کے علمبردار ہیں اور اس جذبے کا آئندہ بھی تحفظ کریں گے”۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ “امن کے لیے طلبہ کا پاور شو یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ تعلیم، ترقی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے پرعزم ہیں”۔ “گلگت بلتستان کے امن پسند طرز زندگی میں خلل ڈالنے کی کسی  بھی کوشش کے خلاف متحد ہیں اور متحد رہیں گے”۔

مزیدخبریں