ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام، پاک وطن کی مٹی میں ان گنت شہداء کا خون شامل ہے۔ شہادتوں کا یہ سفر پاکستان کے وجود میں آنے سے لے کر اب تک جاری ہے۔
ان شہداء میں کئی گمنام بھی ہیں جن میں سے ایک نائیک بادشاہ رحمان شہید ہیں۔ وطن کی خدمت سے سرشار اس نوجوان کو پاکستان آرمی میں شامل ہو کر وطن کے لئے شہید ہونے کا شوق تھا۔ نائیک بادشاہ رحمان ضلع جنوبی وزیرستان میں 8اگست 2023 کو دہشتگردوں کی خلاف لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
نائیک بادشاہ رحمان شہید کے اہلِ خانہ نے اپنے احساسات کا اظہار کیا ہے۔ شہید کے چچا کا کہنا تھا کہ "6 ستمبر ہمیں اس دن کی یادہانی کرواتا ہے کہ ہمارے جوانوں نے اس ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا"۔ "ہم ان شہیدوں کی وجہ سے کھلی فضاء میں سانس لے رہے ہیں"۔ "آئیں بحیثیت قوم ہم یہ عہد کریں کہ اپنے شہداء کے خون کی لاج رکھیں گے "۔ "بادشاہ رحمان ایک مخلص اور دیانتدار انسان تھا"۔
شہید کے والد کا کہنا تھا کہ "میرا بیٹا بہت ہی عظیم الشان طبیعت کا مالک تھا"۔ "میرے بیٹے نے اس ملک کی خاطر شہادت کی موت پائی، اس بات پر اللّٰہ کا شکرگزار ہوں"۔ "مجھے بیٹے کی شہادت پر بہت فخر ہے"۔
شہید کی والدہ نے کہا کہ “عید پر دو مہینوں کی چھٹی پر آیا اور بس وہی میری اس سے آخری ملاقات تھی”۔ "مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کی ماں ہوں"۔ "اگر میرے سو بیٹے ہوتے تو وہ بھی میں اپنے وطن کی مٹی پر قربان کر دیتی"۔
شہداء کی یہ لازوال قربانیاں محفوظ اور ابھرتے ہوئے پاکستان کی نوید سناتی ہیں۔