ایک نیوز: پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں ںے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورسے ملاقات بھی کی۔ یہ کسی بھی امریکی سفیر کا سنٹرل پولیس آفس کا یہ پہلا دورہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز، اکنامکس آفیسر ڈگلس جونسٹن، سکیورٹی اتاشی مائیک ڈائمنڈ، سکیورٹی ایڈوائزر صفدر علی راؤ وفد میں شامل تھے۔ ملاقات میں پنجاب پولیس اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ سکیورٹی امور میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
امریکی سفیر نے دہشت گردی، مذہبی انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد میں پنجاب پولیس کی قربانیوں، کردار اور کامیابیوں کو سراہا، اس کے علاوہ پنجاب پولیس اور امریکی سکیورٹی اداروں کے مابین دہشت گردی و شدت پسندی کے تدارک کیلئے ورکنگ ریلشن شپ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
امریکہ کے سکیورٹی ٹریننگ پروگرامز میں پنجاب پولیس کے نوجوان افسران کی نمائندگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، امریکی سفیر اور آئی جی پنجاب نے ڈویژنل پولیس ہیڈ کوارٹرز میں فارنزک لیبز کے سیٹلائٹ یونٹ کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو سنٹرل پولیس آفس کی شہداء اور غازی والز کا وزٹ کروایا۔ امریکی سفیر کو سی پی او میوزیم میں پولیس سے متعلقہ تاریخی نوادرات بھی دکھائی گئیں۔
دوران ملاقات لاہور سمیت پنجاب بھر میں امریکی شہریوں کے سکیورٹی امور، یو ایس ایڈ پروگرامز بھی زیر غور آئے۔ آئی جی پنجاب نے امریکی سفیر کو سنٹرل پولیس ڈیش بورڈ کی ورکنگ اور مانیٹرنگ سسٹم بارے بھی بریف کیا۔
آئی جی پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی شہریوں، سرمایہ کاروں اور ماہرین کی فول پروف سکیورٹی اولین ترجیح ہے، وکٹم سپورٹ خواتین افسران کو جدید تربیت فراہم کرنے پر یو ایس آئی ڈی کے شکر گزار ہیں، پنجاب پولیس صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے پر کاربند ہے، پنجاب پولیس 15 فیصد خواتین پولیس افسران و اہلکاروں پر مشتمل ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی سفیر کو تحفظ مراکز اور میثاق سنٹرز کے اغراض و مقاصد اور سہولیات بارے آگاہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو خدمات کی بہتر فراہمی کے لئے آئی ٹی اصلاحات اور سیف سٹیز کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھا رہے ہیں، ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد پولیس خدمت مراکز کی سٹیٹ آف دی آرٹ آن لائن سہولیات سے استفادہ کر چکے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی سفیر کو منشیات کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ امریکی تعاون سے پولیس کے ٹریننگ اداروں کے تربیتی معیار میں اضافہ، فورس کو جدید ساز و سامان سے آراستہ کیا جائے گا۔ پنجاب پولیس کے مرکزی فنگر پرنٹس بیورو کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی جدید سکلز سے اپ گریڈ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکن سفیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔