خواجہ آصف اپنی ہی پارٹی قیادت پر پھٹ پڑے، بڑا مطالبہ کردیا

Sep 05, 2023 | 11:47 AM

ایک نیوز: سابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے دورہ لندن پر گئی ہوئی ن لیگی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی فوری وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عوامی غم و غصے کا شکار ہے۔ شہباز شریف اور نواز شریف کی لندن موجودگی ہماری بےچینی کا باعث ہے۔

گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ چاہے نواز شریف اگلے ماہ پاکستان آئیں، سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو فوری پاکستان آ کر ن لیگ کی قیادت سنبھالنا ہوگی۔ ہم سے صورتحال اس طرح سنبھلی ہی نہیں جیسے متوقع تھی۔

ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ جب اسحاق ڈار وطن واپس آئے تو مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ اتنی بڑی معاشی تباہی ہمارے سامنے ہوگی۔ بے شک عوام میں اور ہمارے حلقوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ مریم نواز عوام سے رابطے میں ہیں۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس کوشش میں ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے خلاف ایکشن لے۔ عمران خان کے وکیل ہائر کرنے سے ان کی نیت سامنے آگئی۔

مزیدخبریں