ایک نیوز:کینیڈامیں مختلف تقریبات کےموقع پردوشادی ہالزمیں فائرنگ کےواقعات میں2افرادہلاک اور6زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیاکےمطابق فائرنگ کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا کے مشہور شادی ہالز کی پارکنگ میں ہوئی۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آئے تھے۔
فائرنگ سے افراتفری مچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پارکنگ اور شادی ہالز میں پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کرنے والے کون تھے اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کا آپس میں کیا تعلق ہے۔ جائے وقوعہ سے مہلک ہتھیار کے16 گولیوں کے خول ملے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں کی عمریں26 اور29 سال ہیں جب کہ زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے جنھوں نے ابھی بیان ریکارڈ نہیں کرائے ہیں۔
یاد رہے کہ کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں رواں برس فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد12 ہوگئی جب کہ ملک میں2009 کے بعد سے فائرنگ کے واقعات میں81 فیصد اضافہ ہوا ہے۔