عطااللہ تارڑ کا مذاق بنانے والے افراد کیخلاف کاروائی ٹویٹر ٹرینڈ بن گیا

Sep 05, 2022 | 16:25 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: پاکستان میں ٹوئٹر ٹائم لائنز پر وزیراعظم پاکستان کے مشیرعطااللہ تارڑ کا مذاق اڑانے والے افراد کے خلاف پولیس کارروائی نمایاں ٹرینڈ بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان پر ہنسنے کے الزام میں اسلام آباد پولیس نے 4 لڑکوں کو گرفتار کیا ہے۔

ٹرینڈ میں گفتگو کرنے والے افراد نے کہیں لفظوں اور کہیں میمز کے ذریعے اپنے تاثرات دوسروں تک پہنچائے ہیں۔ 

کالا دنبہ کے ہینڈل سے کیے گئے تبصرے میں لکھا گیا کہ عطااللہ تارڑ پر ہنسنے کی پاداش میں جیل جانے والے 4 لڑکوں کے معاملے پر مجھے عطاللہ تارڑ پر ہنسی آ رہی ہے۔

گفتگو کے دوران کچھ افراد نے نشاندہی کی کہ پولیس کارروائی ہنسنے کی وجہ سے نہیں بلکہ عطااللہ تارڑ کے اہل خانہ پر جملے کسنے اور انکو ہراساں کرنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ 

متعدد ٹویپس نے اہلخانہ کی موجودگی میں کسی کو ہدف بنانے کے عمل پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفت کو اس حد تک نہیں جانا چاہیے ہے کہ دوسروں کے اہلخانہ اور انکی ذات کو غلط طریقے سے ہدف بنایا جائے۔ 

وزیراعظم کے مشیر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ عطااللہ تارڑ کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی شکایت ریستوران کی سکیورٹی نے کی تھی جس پر چار لڑکوں کو تفتیش کے لیے تھانہ منتقل کیا۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے بعد میں عطااللہ تارڑ کے معاف کرنے پرچاروں لڑکوں کو رہا کر دیا گیا۔متعدد افراد کی جانب سے گرفتاری کے طریقہ کار اور بغیر مقدمہ حراست میں رکھے جانے پر اعتراض کیا ہے۔

مزیدخبریں