ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتوں کا سیلاب پر سیاست کرنا قابل مذمت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو کڑی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں کاسیلاب پرسیاست کرنا قابل مذمت ہے۔
پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ سیلاب پر سیاست چمکانے والوں کی عقل پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے، پی ڈی ایم رہنما بے حس ہیں اور انہیں سیلاب متاثرین کی کوئی پروا نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلیے ہر ممکن ضروری اقدامات اٹھائے ہیں جب کہ پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں زبانی جمع خرچ پر لگی ہوئی ہیں۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ان عناصر نے ثابت کیا ہے کہ ان کے دل میں مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لیے کوئی درد نہیں، ان لوگوں نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی سیاست کو پروان چڑھایا۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم رہنماؤں نے چوہدری پرویزالہٰی کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا، پرویز الہٰی کی حکومت گرانے کیلئے آصف زرداری بھی پس پردہ متحرک ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ حمزہ شہباز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اس حوالے سے لندن میں اعتماد میں لے لیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کی حکومت گرانے کیلئے آصف زرداری بھی پس پردہ متحرک ہیں جبکہ چوہدری شجاعت حسین بھی موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کیلئے پی ڈی ایم سے متفق ہوگئے ہیں۔