ویب ڈیسک:سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو سوچنا چاہے آئینی ترامیم بعد میں ان کے ہی گلے پڑ جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج کراچی کے عمائدین کو جمع کیا تھا لیکن سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اسلام آباد کے راستے بند ہونے کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے۔
انہوں نے کہا کہ 2 سیاسی قوتیں دست و گریبان ہیں اور خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ شنگھائی تعاون کانفرنس ہو رہی ہے اور ہم اسلام آباد میں تماشہ لگا کر بیٹھے ہیں، اس سے ملک کے عوام اور معیشت دونوں کا نقصان ہو رہا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت کو چاہئے وہ پی ٹی آئی کو پر امن احتجاج کی اجازت دے، لیکن تحریک انصاف بھی تشدد کا راستہ چھوڑ کر پر امن احتجاج کرے، حکومت اور پی ٹی آئی کو ایک ایک قدم پیچھے ہٹ کر معاملے کو سنبھالنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم آ رہی ہے اور اراکین اسمبلی کو نہیں معلوم کہ معاملہ کیا ہے،ترامیم کے ذریعے ایک نئی عدالت لائی جا رہی ہے،ن لیگ کو سوچنا چاہئے یہ قوانین بعد میں ان کے گلے پڑ جائیں گے۔