ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف نے آج لاہور مینار پاکستان پر احتجاج کی کال دی ہوئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف آج دو پہر2بجے احتجاج کرے گی، احتجاج کی قیادت پنجاب کے صدر حماد اظہر اور لاہور کے صدر شیخ امتیاز کر ینگے، حکومت کی طرف سےاحتجاج کی کال کی وجہ سے شہر کے داخلی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں۔
لاہور میں دفعہ 144نافذ کردی گئی جبکہ رینجرز کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی میں دوسرے روز بھی موبائل سگنل بند ہیں جس کی وجہ سےشہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، مری روڈ پر آج دوسرے روز بھی کاروبار بند ہے، تمام دکانیں بند کرائی گئی ہیں جسکی وجہ سے شہریوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔
راولپنڈی کے خارجی اور داخلی راستے آج دوسرے روز بھی بندہیں، راولپنڈی کے شہری دوسرے روز بھی گھروں پر محصور ہو کر رہ گئے، دفتروں میں حاضری کم دیکھنے کو ملی ،دو روز سے سکول بھی بند ہے ، معاملات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے ہر طرف کنٹینروں کی بستی نظر آتی ہے، ایمبولینسز کو گزرنے کے لیے جگہ نہیں چھوڑی گئی ہے۔
اندرون شہر، سگیاں، شاہدرہ کے اطراف کنٹینرز کھڑے کر دیئے ،گامے شاہ کے قریب کنٹینرز لگا دیئے گئے ،موہنی روڈ کے قریب بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے، کریم بلاک، کچا راوی روڈ اور دیگر آزادی چوک سے ملحقہ چھوٹی راستے مکمل طور پر بند کر دیئے گئے۔
نئے راوی پل کے دونوں اطراف میں بھی کنٹینرز موجود، شاہدرہ چوک میں واٹر کنینن، پریزین وین بھی پہنچا دی گئیں ،شاہدرہ فلائی اوور کو بند کرنے کے لئے بھی سڑک پر کنٹینرز موجود ،شاہدرہ چوک سے سگیاں کی طرف آمد و روانگی کو روکنے کے لئے دس نمبر سٹاپ پر کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے۔
امامیہ پھاٹک کو بند کرنے کے لئے بھی پولیس نے حکمت عملی کے تحت کنٹینرز پہنچا دیئے، سگیاں پل سے شہر میں داخلے اور باہر جانے سے روکنے کے لئے پل کے دونوں اطراف دونوں سڑکوں پر کنٹینرز لگا دیئے۔
سگیاں پل، شاہدرہ، آزادی چوک، داتا دربار، لاری اڈا، کی دونوں سڑکوں پر صرف ایک لائن ٹریفک لے لئے کھلی ہے، پولیس نے رات 2 بجے آزادی چوک کے چاروں اطراف سڑکوں کو 100 فیصد بند کر دیا تھا ،پولیس نے صبح 5 بجے ایک لائن ٹریفک کی آمدورفت کے لئے کھولی ۔
منٹو پارک میں صبح سیر کرنے والوں کو بھی داخل نہیں ہونے دیا گیا ،آزادی چوک ، شاہدرہ ، سگیاں، بند روڈ اور اطراف کے رہائشیوں کو آمدورفت کے لئے مشکلات کا سامنا ہے،جیسے ہی پولیس کے اعلی افسران حکم دیں گے سڑکوں کو مکمل بند کر دیا جائے گا۔