ایک نیوز :الخدمت فاؤنڈیشن نے فیصل آباد میں یتیم بچوں کے لیے 22 ویں الخدمت آغوش ہوم کا افتتاح کردیا۔
تفصیلات کےمطابق الخدمت فاؤنڈیشن نے فیصل آباد میں یتیم بچوں کے لیے 22 ویں الخدمت آغوش ہوم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پرپُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی،الخدمت آغوش ہومز کے نیشنل ڈائریکٹر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک،سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی، ورلڈ کئیر فاؤنڈیشن سے ڈاکٹر ریاض حسین اور الخدمت فیصل آباد کے صدر رائے محمد اکرم خاں کھرل سمیت معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت آغوش ہومز کے نیشنل ڈائریکٹر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ الخدمت آغوش ہومز کے منصوبے کا آغاز اٹک میں 2005 کے زلزلے میں والدین سے محروم بچوں کیلئے ایک چھوٹا سا گھر بنانے سے کیا گیا۔جس کے بعد ملک بھر میں یتیم بچوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے الخدمت آغوش ہومزکے قیام کا سلسلہ شروع ہوا اور آج فیصل آباد میں 22ویں آغوش ہوم کا قیام عمل میں لایا گیا گیاہے۔
ائیر مارشل (ر)ارشد ملک نے کہا کہ الخدمت آغوش فیصل آباد 63 مرلے کے رقبے پر قائم عمارت ہے جہاں ابتدائی طور پر 60 بچوں کو رہائش، خوراک، تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم کی جا رہی ہیں۔جبکہ آغوش میں کمپیوٹر لیب، لائبریری،سپورٹس گراؤنڈ، ان ڈور گیمز اوربچوں کی نفسیاتی نشو ونما کے لیے مختلف لیکچرز اور تعلیمی دوروں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت آغوش فیصل آباد کے اگلے مرحلے کے لیے مخیر حضرات کے تعاون سے 44 کنال رقبہ حاصل کر لیا گیا ہے جہاں 250 یتیم بچوں کے لیے آغوش سمیت سکول اور ہسپتا ل کی تعمیر کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔
ڈاکٹر ریاض حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن ملک و بیرون ملک خدمت کا معتبر نام ہے۔ الخدمت آفات سے بچاؤ اور دیگر خدمات سمیت یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو اقدامات کر رہی ہے، اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔ مجھے امید ہے کہ آغوش میں یہ بچے پڑھ لکھ کر اپنی والدہ اور مرحوم والد کے خوابوں کی تعبیر کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر بچوں کوتحائف دیے گئے اور مہمانان کو آغوش کا دورہ بھی کرایا گیا۔مہمانوں نے بچوں کو فراہم کردہ سہولیات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور الخدمت کی یتیم بچوں کے لئے کی جاری کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے یتیم بچوں کے لیے آغوش کے قیام پر مبارکباد دی اوراس عزم کا اعادہ کیا کہ سب مل کر ان باہمت بچوں اور بچیوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔