غیرقانونی افغان مہاجرین کو نکالنے کا معاملہ، دفتر خارجہ کا واضح اعلان

Oct 05, 2023 | 13:01 PM

ایک نیوز: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان صرف افغان مہاجرین نہیں بلکہ تمام غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں مصروف رہتا ہے جب کہ پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں بھی بھارت ملوث ہے۔ سازگار ماحول پیدا کرنا بھارتی حکومت کی ذمے داری ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی میزبان ملک کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے خلاف نہیں بلکہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال کے خلاف ہے۔ پاکستان کی افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ پاکستان نے لاکھوں مہاجرین کی کھلے دل سے برسوں میزبانی کی ہے۔ پاکستان افغان مہاجرین کے خلاف نہیں بلکہ غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مہاجرین سمیت تمام غیرقانونی رہائش پذیر باشندوں کے خلاف کارروائی کررہا ہے، کسی خاص شہریت کے خلاف نہیں ہیں۔ پاکستان اس حوالے سے افغان عبوری حکومت کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گا۔ پاکستان اور افغان وزرائے خارجہ کی تبت میں بین الاقوامی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ملاقات ہوگی، جس میں دوطرفہ معاملات پر خصوصی گفتگو کی جائے گی۔

مزیدخبریں