پولٹری فیڈ سستی ہونے کے باوجود برائلر کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

Oct 05, 2023 | 12:18 PM

ایک نیوز: پروٹین کا سستا ذریعہ برائلر بھی غریب کی پہنچ سے دور نہیں بہت دور ہوگیا۔ پولٹری فیڈ اور پیٹرول تو سستا ہوا لیکن برائلر کی قیمت پر کوئی اثر نہ پڑا۔ اس وقت شادی بیاہ کا سیزن بھی نہیں اور نہ ہی کوئی غیرمعمولی برائلر کی طلب ہے لیکن گوشت کی قیمت ہے کہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔

تفصیلات کے مطابق پولٹری انڈسٹری کے مداخل میں کمی ہونے سے پیداواری لاگت میں کمی تو ہوئی لیکن عوام کو اس کا کوئی فائدہ نہ مل سکا۔ پیٹرول کی قیمت اور طلب میں کمی کے باوجود بھی مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی نہیں ہوئی۔ 

فیڈ پولٹری کا اہم جزو ہے جیسے ہی فیڈ کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے تو مرغی کے گوشت کی قیمت بڑھادی جاتی ہے لیکن اب پولٹری فیڈ کا بیگ150روپے سستا ہونے کے باوجود مرغی کے گوشت کے دام کم نہیں ہوسکے۔ 

پولٹری انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ صرف فیڈ اور پیٹرول کی قیمت کم ہونے سے برائلر کی قیمت کم  نہیں ہوگی، مہنگائی کی وجہ سے گوشت کی رسد کم ہے جس وجہ سے برائلر کی قیمت کم نہیں ہورہی۔ چوزہ بھی مہنگا ہے اس لئے فوری مرغی کے گوشت کی قیمت کم ہونے کا امکان نہیں۔ 

پولٹری کے کاروبار سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ برائلر کی سپلائی کم ہے، فوری مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی کا امکان نہیں ہے، آف سیزن نہ ہوتا تو گوشت کی قیمت میں مزید اضافہ ہونا تھا۔

عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت پولٹری انڈسٹری میں استعمال ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ برائلر کی قیمت بھی کم کرانے کے لئے اقدامات کرے۔ حکومت مرغی کے گوشت کی طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لئے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرے۔

مزیدخبریں