اساتذہ قوم کےمحسن اور ہمارا افتخار ہیں،وزیراعلیٰ کا ٹیچرز ڈےپر پیغام

Oct 05, 2023 | 09:58 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کو پروان چڑھانے میں ٹیچرز کی کلیدی حیثیت ہوتی ہے، نبی کریم حضرت محمد ؐپوری دنیا کے سب سے بڑے اور بہترین معلم ہیں، آپ ؐنے علم کے نور سے جہالت کے اندھیرے ختم کئے۔

 تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اساتذہ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مزید کہا کہ استاد اپنے شاگردوں میں لاعلمی کے اندھیروں کو مٹا کر علم کا نور بانٹتا ہے، اساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جس مقام پر ہوں، اس میں میرے اساتذہ کی تربیت اور محنت شامل ہے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بننے کے بعد اپنی مادرعلمی کریسنٹ ماڈل سکول کا دورہ کیا اور اپنے اساتذہ سے ملاقات کی، اساتذہ سے ملاقات کی خوشگوار یادیں کبھی فراموش نہیں کر سکتا،بہترین مستقبل کے فروغ کیلئے اساتذہ کی انتھک محنتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ طالب علم کی شخصیت سازی میں والدین اوراستاد کے کردار کو برابر کا درجہ حاصل ہے، تعلیم دینا محض استاد کا پیشہ ہی نہیں بلکہ قومی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری بھی ہے، ترقی یافتہ دور میں وہی قومیں کامیاب ہیں جنہیں تعلیم کی معیاری سہولتیں میسرہیں، آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ استاد کی عزت و تکریم اور احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ 

مزیدخبریں