کراچی: کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائی،کروڑوں کااسمگل شدہ مال برآمد

کراچی: کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائی،کروڑوں کااسمگل شدہ مال برآمد
کیپشن: کراچی: کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائی،کروڑوں کااسمگل شدہ مال برآمد

ایک نیوز: کراچی میں کسٹمز انٹیلی جنس نے ماڑی پور ٹرک اڈہ اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر کارروائی کی، ٹرک اڈہ کے قریب گودام سے کروڑوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ بادام، پستہ اور دیگر مال برآمد کرلیا گیا۔

کسٹمز انٹیلی جنس کے مطابق خفیہ اطلاع پر ماڑی پور ٹرک اڈے کے قریب گودام پر چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے نتیجے میں بھاری مالیت کا اسمگل شدہ مال برآمد کیا گیا، برآمد کئے گئے اسمگل مال میں بادام، پستہ، زیرہ، ثابت دھنیا اور دیگر مال شامل ہے، آپریشن 6 گھنٹے تک جاری رہا۔گودام پر چھاپہ انٹیلی جنس ایجنسی اور پولیس کی مدد سے مارا گیا، برآمد کیا گیا مال 6 ٹرکوں پر مشتمل ہے، جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔

دوسری جانب پولیس اور کسٹمز نے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر اسمگل شدہ مال کی اطلاع پر دکان کے تالے کاٹ کر دکان کی تلاشی لی جہاں سے اسمگل شدہ سگریٹ برآمد کئے گئے، کارروائی کے دوران دکان بند ہونے کی وجہ سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔