مبینہ ہیکر کے عمران خان پر سنگین الزامات، بشیر میمن نے تصدیق کردی

Oct 05, 2022 | 15:14 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز: سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے گزشتہ روز مبینہ  ہیکر کی جانب سے عمران خان سے متعلق کیے گئے ٹوئٹس کی تصدیق کر دی ہے۔

 ہیکر کی جانب سے آڈیوز لیک کرنے کے بعد انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز ہیکر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغامات کے ذریعے سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے جڑے چند واقعات کا انکشافات کیا تھا۔

ہیکر کا اپنے ٹوئٹس میں کہنا تھا کہ عمران خان کے حکم پر سابق ڈی جی ایف آئی اے کو باتھ روم میں قید کردیا گیا تھا اور اپنی بات منوانے کے لیے دباؤ بھی ڈالا گیا تھا ۔

اب بشیر میمن نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ان کے سامنے مریم نواز کے بارے میں انتہائی غلیظ زبان استعمال کی جس پر اِنہیں غصہ آگیا اور اُنہوں نے اونچی آواز میں عمران خان کو جواب دیا تھا۔

بشیر میمن کا کہنا ہے کہ میرا جواب اتنا سخت تھا کہ بس گالی دینے کی نوبت رہ گئی تھی۔

بشیر میمن نے کہا ہے کہ میرا لہجہ دیکھتے ہوئے اعظم خان مجھے ہاتھ سے  پکڑا اور باتھ روم میں لے جا کر باتھ روم کے اندر بند کر دیا تھا۔

بشیر میمن کا بتانا ہے کہ اعظم خان نے مجھے کہا کہ وزیراعظم کو ایسا کہہ رہے ہو۔

واضح رہے کہ ہیکر نے اس واقعے کے علاوہ بھی بہت ساری باتیں کل اپنے ٹوئٹ میں لکھی تھیں لیکن اب تک ان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

بعد ازاں ہیکر نے اپنی یہ ٹوئٹ بھی ڈیلیٹ کردی تھیں۔

مزیدخبریں