ایک نیوز:سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی صدارت سے ہٹادیا گیا جبکہ ان کی جگہ نوابزادہ خالد مگسی بی اے پی کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔
کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کا جنرل کونسل کا اجلاس ہوا،اجلاس کے دوران سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو پارٹی صدارت سے ہٹاکر نوابزادہ خالد مگسی کو بلوچستان عوامی پارٹی کا نیا مرکزی صدر منتخب کر لیا گیا۔ جنرل کونسل اجلاس میں 450 ارکان نے شرکت کی، عبدالکریم آغا کی جانب سے کاغذات واپس لینے پرنوابزادہ خالد مگسی بلامقابلہ صدر منتخب ہوئے، کہدہ بابر بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان مقرر ہوگئے۔
نوابزادہ خالد مگسی نے پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست نیک نیتی سے کی جائے تو ایک عبادت ہے، بی اے پی نے 5 سال میں بڑا سخت تجربہ دیکھا، نادانیاں بھی دیکھیں، ملک میں سیاسی بحران آیا، بی اے پی نے ان حالات میں تاریخی کردار ادا کیا۔