ایک نیوز:اٹلی میں گاؤں اور قصبوں کی آبادی میں کمی کے رجحان کا مقابلہ کرنے کے لیے منفرد منصوبہ بنایا گیا ہے۔
کلابریا نامی اطالوی علاقے میں انتظامیہ نے آبادی میں کمی کے رجحان کا مقابلہ کرنے کے لیے ان افراد کو 28،000 یورو (تقریباً 84 لاکھ پاکستانی روپے) فراہم کرنے کا ایک منفرد منصوبہ بنایا ہے جو چھوٹے گاؤں میں منتقل ہونے کے لیے تیار ہیں۔
اس علاقے میں منتقل ہونے والے لوگوں کو کوئی چھوٹا کاروبار یا ایسا کوئی نیا کام شروع کرنے کی ضرورت ہوگی جس سے ایک بہتر زندگی گزارنے کے لیے پیسے کمائے جا سکیں۔
روزگار کے لیے یہاں منتقل ہونے والے لوگ قصبوں کی جانب سے مانگے گئے مخصوص پیشوں کے لیے موجود پیشکشوں کو بھی قبول کر سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہے کہ ان کی عمر 40 سال سے زیادہ نہ ہو اور وہ اپنی درخواست کی منظوری کے بعد 90 دنوں کے اندر کلابریا منتقل ہونے کے لیے تیار ہوں۔
کلابریا کے ایک علاقائی کونسلر جنلوکا گیلو نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اس منصوبے میں اچھی زندگی گزارنے کے لیے تمام تر بنیادی اور اہم ضروریات کو پورا کرتے ہوئے 3 ہزار تک کی تعداد میں رہائشیوں کے ساتھ قدرے بڑے دیہاتوں کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں۔
اٹلی میں قصبوں میں آبادی بڑھانے کیلئے منفرد منصوبہ
Nov 05, 2023 | 18:42 PM