ایک نیوز: جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی ہے۔
جے یوآئی میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ گزشتہ روز قطر پہنچے۔ جہاں مسئلہ فلسطین پر رہنماؤں میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر فلسطینی عوام کے ساتھ تعزیت ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے حماس قیادت کو یقین دلایا کہ ہم اخلاقی، سیاسی اور سفارتی ہر میدان میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اسمعیل ہانیہ اور خالد مشعل نے پاکستان کی عوام اور جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کوبھرپور حمایت پر فلسطینی عوام کی طرف سے دل کی گہرائیوں سے شکریہ کا پیغام دیا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں ظلم وستم کرکے قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کررہاہے۔
اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہوجائے۔ انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز لے کر تل ابیب پہنچ رہے ہیں۔
امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لئے میدان میں نکلے ، اپنی ماؤں بہنوں اور بھائیوں کی مدد کرے۔
خالد مشعل کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین پر عرصہ دراز سے مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کے دعویداروں کے ہاتھ معصوم بچوں اور خواتین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ فلسطینی صرف اپنی زمین ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ کی طرف سے فرض ادا کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔ وقت آگیاہے کہ امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو۔
خالد مشعل ،اسماعیل ہانیہ مولانا فضل الرحمان نے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ ملاقات میں سیکریٹری جنرل جے یو آئی سندھ مولانا راشدمحمودسومرو اور مفتی ابرار احمد بھی شریک تھے۔