نئی دہلی: بدترین فضائی آلودگی، سکول مزید ایک ہفتہ کیلئے بند

Nov 05, 2023 | 15:54 PM

ایک نیوز: بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں بدترین فضائی آلودگی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد اسکول مزید ایک ہفتے کیلئے بند کردیے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی میں فضائی معیار خطرناک حد تک خراب ہو گیا ہے  بتایا جارہا ہے کہ نئی دلی کے فضائی معیار عالمی صحت کی تنظیم(ڈبلیو ایچ او )  کی جانب سے مقرر کی گئی حد سے100گنا تجاوز کرگیا ہے۔

بدترین فضائی آلودگی کی وجہ سے حکومت نے دارالحکومت کے اسکول مزید ایک ہفتے تک بند رکھنے کی ہدایات جاری کردیں، نئی دلی کے وزیر تعلیم  کا کہنا ہے کہ  پرائمری اسکول 10 نومبر تک بند رہیں گے جبکہ 6 سے 12 ویں جماعت کی کلاسز کو آن لائن کرنےکا آپشن دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  رئیل ٹائم ائیر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) نئی دلی کے مختلف حصوں میں 500 سے زیادہ ہے جبکہ دوپہر کے وقت نئی دلی میں فضائی معیار کی سطح 859 ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے دوران  نئی دلی میں بدترین فضائی آلودگی نے ٹیموں کو بھی پریشانی میں مبتلا کر دیا، فضائی آلودگی کے باعث جہاں  نئی دلی دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے وہیں اسموگ کی وجہ سے ٹیموں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔

6 نومبر کو دلی میں سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان میچ شیڈول ہے اور اس سے قبل آئی سی سی نے دلی میں فضائی آلودگی کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کے ساتھ مل کر ماہرین کی اس حوالے سے رائے لے رہے ہیں، کھلاڑیوں کی صحت کی حفاظت کا خیال رکھیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی میں اسٹیڈیم کے اطراف کے علاقوں میں چھڑکاؤ کرنے کا بھی پلان بنایا گیا ہے۔

مزیدخبریں