ایک نیوز: میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے یو سی 13 صدر ٹاؤن گزری کالج پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مجھے کونسی سیٹ رکھنی ہے اور کونسی نہیں یہ فیصلہ پارٹی نے کرنا ہے، میرے لیے پورا کراچی ہی میرا یوسی ہے اور اس کی ساری یوسیز میری ہیں۔ ہم تو مافیا کے خلاف کارروائی کررہے ہیں، جہاں جہاں پانی مافیا کام کررہی ہے ہم اس پر کارروائی کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگوں کی محبت کا شکر گزار ہوں، قانون کے مطابق یہاں سے الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں، میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ لوگ آج مجھ سے اتنی محبت کررہے ہیں۔ مجھے سیلیکٹڈ کہنے والوں کے لئیے اتنا ہی کافی ہے جو آج کے الیکشن میں لوگوں نے محبت دکھائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ ہم پر مقامی اور غیر مقامی ہونے کا الزام لگاتے ہیں۔ وہ لوگ یہاں آئیں اور دیکھیں لوگ کتنی محبت کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی اکیلے لڑ رہی ہے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی ایک ساتھ لڑ رہی ہیں۔ ہماری خدمت کے جواب میں لوگ اب ہم سے محبت دکھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب الیکشن سینٹرل میں ہوتا ہے تو الیکشن کمیشن ٹھیک ہو جاتا ہے لیکن جب الیکشن کسی اور جگہ پر ہوتا ہے تو الیکشن کمیشن خراب ہو جاتا ہے۔ ہم تعصب اور کینہ پروری والی سیاست نہیں کریں گے۔