ایک نیوز: فواد چوہدری کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمہ کی ایف آئی آر ایک نیوز کو موصول ہوگئی۔ مقدمہ شہری محمد ظہیر کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقدمے میں فواد چوہدری پر شہری سے پچاس لاکھ روپے لے کر گزٹڈ پوسٹ پر نوکری دلوانے کا الزام ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پیسے فواد چوہدری کو پلاٹ کے سودے کی غرض سے بطور ضمانت رکھوائے تھے۔
واپسی کا تقاضہ کیا تو فواد چوہدری نے کہا میں منسٹر ہوں آپکے بچوں اور رشتہ داروں کو گزٹڈ پوسٹ پر نوکری دلواؤں گا۔ فواد چوہدری نے پہلے جلد کام ہونے کے وعدے کئے بعد میں ٹال مٹول کرنا شروع کردی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اس دوران حکومت چلی گئی تو مجھے پریشانی لاحق ہوگئی۔ ملاقات کی کوشش کی تو فواد چوہدری ملنے سے گریزاں رہے۔ چھے ماہ قبل فواد چوہدری سے ملاقات ہوئی اپنی رقم کا مطالبہ کیا تو فواد چوہدری نے بامسلح گن مین سنگین نتائج کی دھمکیاں دی۔
مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ فواد چوہدری رقم دینے سے انکاری ہوگیا۔ رقم فواد چوہدری کو امانت کے طور پر دی تھی جو بدنیتی سے خردبرد کرگیا ہے۔ فواد چوہدری کے خلاف دفعہ 406 ،506 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔