ایک نیوز: ترجمان استحکامِ پاکستان پارٹی فیاض الحسن چوہان نے سوشل میڈیا پر دہشت گردی کے واقعات پر زہریلے پراپیگنڈہ کی مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میانوالی اورگوادر کے دہشت گردی کےواقعات پر سوشل میڈیا پر زہریلا پراپیگنڈہ قابل مذمت ہے۔ پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں اور شہادتوں کا مذاق اُڑانا ملک وقوم سے غداری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈین راء کے شانہ بشانہ ایک مخصوص جماعت کا میڈیا سیل تمام حدود کو کراس کر چکا ہے۔ میانوالی ائیر بیس میں پاک فوج کے جوانوں کی بہادری اور جرات کا مذاق اُڑانے والے غلیظ ذہنیت کے حامل لوگ ہیں۔ مخصوص جماعت کا میڈیا سیل 9 مئی کے واقعات کے ویڈیو کلپ چلا کر انڈین راء کے ایجنڈے کو پروان چڑھا رہا ہے۔
ترجمان آئی پی پی نے کہا کہ میانوالی ائیر بیس میں دہشت گردوں کے دانت کھٹے کرنے پر عوام پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سوشل میڈیا میں زہر اُگلنے والوں کے خلاف عملی اقدامات کرنے چاہیے۔