ایک نیوز: ایف آئی اے کاغیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 452 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق رواں سال 453 مقدمات درج کر کے 652 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، 56 انکوائریوں کی تفتیش بھی مکمل کی گئی، رواں سال کے دوران کے پی زون نے 308, لاہور زون نے 73, گجرانوالہ زون نے 24, فیصل آباد زون نے 55, ملتان زون نے 50 ملزمان کو گرفتار کیا۔ اسلام آباد زون نے 26, کراچی زون نے 69, حیدرآباد زون نے 27 اور بلوچستان زون نے 20 ملزمان کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے۔ رواں سال چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 4 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی، برآمد کی گئی کرنسی میں 746184 امریکی ڈالر، 35 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی شامل تھی۔ برآمد کی گئی کرنسی میں 3 ارب 62 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے بھی شامل ہیں۔
ملک گیر چھاپوں کے دوران 28 سے زائد پلازوں/مارکیٹوں/ دکانوں کو بھی سیل کیا گیا، ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی۔ ایف آئی اے ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ کی ہدایت کی روشنی میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔
غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی، غیر قانونی کرنسی کی خریدوفروخت میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔