ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت ون ونڈو آپریشن سنٹر کے قیام کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، لاہور میں سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے لئے ”ون روف، ون سٹاپ“ سلوشن پر تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ فیڈمک، پیڈمک اورپنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ون ونڈو آپریشن سنٹر میں سروسز فراہم کریں گے۔ لوکل گورنمنٹ، ماحولیات،ہاؤسنگ اوردیگر محکموں کے بااختیار افسران ون ونڈو سنٹر میں موجود ہوں گے۔ لیسکواورسوئی گیس کے کاؤنٹر بھی ون ونڈو سنٹر میں قائم کئے جائیں گے۔
ون ونڈو سنٹر میں اراضی انتقال، نقشہ پاس کرنے اور ماحولیات کے این او سی کی سہولت میسر ہوگی۔ ون ونڈو سنٹر کے کاؤنٹر کے افسران درخواست دہندگان کا فارم خود پرکریں گے۔ ون ونڈو سنٹر پرآپریشن 5 مراحل میں مکمل کردیا جائے گا۔
10 دن کے اندر کارروائی مکمل نہ ہونے پر متعلقہ سیکرٹری کے ڈیش بورڈ پر سرخ نشان نمودار ہوگا۔ ون ونڈو سنٹر کے لئے آپریشنل ریویو کمیٹی اور سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز انڈسٹریز، خزانہ، ماحولیات، لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ، جنگلات، ڈی جی ایل ڈی اے، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر فیڈمک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔