ایک نیوز: ن لیگ کے قائد نواز شریف نے معاشی مسائل کے حل اور جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے ملکی سیاسی قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے تحریک انصاف کے وفد کو بھی مدعو کرنے کی تجویز دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی اور معاشی مسائل کے حل کے لئے قائد ن لیگ نوازشریف نے ملکی سیاسی قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف انتخابی مہم شروع کرنے سے قبل سیاسی قیادت کو ظہرانے پر اکھٹا کریں گے، اور وہ خود چند روز میں اس حوالے سے سیاسی رہنماؤں سے رابطے کریں گے۔
لیگی ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف قابل اعتماد ساتھیوں سے قومی و سیاسی امور پر مشاورت کررہے ہیں، پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے نوازشریف کو تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ بٹھانے اور تحریک انصاف کے وفد کو بھی مدعو کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق نوازشریف سیاسی قیادت کے ساتھ ملک کو درپیش چیلنجوں پر گفتگو کریں گے، اور ان چیلنجز اور معاشی مسائل سے نمٹنے کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی، جب کہ سیاسی جماعتوں کو ذاتی مخالفت یا سیاسی انتقام نہ لینے کے بیانیے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔