ایک نیوز: مغربی نیپال کے علاقے جاجرکوٹ میں آنے والے 5.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 157 ہوگئی ہے اور سینکڑوں افراد زخمی ہو گئے جبکہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو ریسکیو کرنے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ریسکیو ورکرز کا کہنا ہےکہ گزشتہ روز زلزلے کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثرہ علاقوں تک ہیوی مشینری پہنچانا مشکل ہو رہا ہے اس لیے فی الوقت خالی ہاتھوں سے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم اس میں ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو جائے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں تک ہیوی مشینری پہنچانے کیلئے بند راستوں کو کھولنے کا کام تیزی سے جاری ہے جلد ہی ہیوی مشینری متاثرہ علاقوں تک پہنچا دی جائے گی تاہم زخمیوں کواسپتالوں تک پہنچانے کیلئے ریسکیو سرگرمیوں کیلئے ہیلی کاپٹر اور جہاز روانہ کردیے گئے ہیں۔
زلزلے سے ہونے والے نقصانات سے متعلق بات کرتے ہوئے حکام کا کہنا تھا زلزلے کی شدت اتنی زیادہ نہیں تھی لیکن ناقص تعمیرات کے باعث نقصانات بہت زیادہ ہوئے ہیں بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ نیپال میں 5.7 شدت کے زلزلے کا مرکز کھٹمنڈو سے 250 میل شمال مشرق میں واقع تھا، جس کی گہرائی 11 میل ریکارڈ کی گئی۔
خیال رہے کہ ابتدائی طور پر نیپالی زلزلہ پیما مرکز نے شدت 6.4 بتائی تھی تاہم جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز نے شدت 5.7 بتائی اور امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔