شرمین عبید چنائے کا خواتین فلم سازوں کےلیے مینٹور شپ پروگرام

  شرمین عبید چنائے کا خواتین فلم سازوں کےلیے مینٹور شپ پروگرام

ایک نیوز نیوز: آسکر اور ایمی ایوارڈز یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے سندھ اور بلوچستان کی خواتین فلم سازوں کے لیے مینٹور شپ کا اعلان کردیا۔

شرمین عبید چنائے نے پٹاخا پکچرز کا منصوبہ گزشتہ برس شروع کیا تھا اوراس پروگرام کے تحت جنوری 2022 میں پہلی بار ملک بھر کی 10 خواتین فلم سازوں کو تربیت اور معاونت فراہم کی گئی تھی۔

مینٹور شپ پروگرام کے تحت منتخب ہونے والی 10 خواتین فلم سازوں نے 10، 10 منٹ کی دستاویزی فلمیں تیار کی تھیں۔

پٹاخا پکچرز کے تحت شرمین عبید چنائے نے تائیوان پچ کے تحت بھی ایک منصوبہ شروع کیا تھا، جس میں دنیا بھر کی خواتین فلم سازوں کو مینٹورشپ دی گئی تھی اور اس میں پاکستان سے بھی فلم ساز خواتین منتخب کی گئی تھیں، جنہیں تائیوان میں جاکر تربیت دی گئی تھی۔

اس بارشرمین عبید چنائے نے پاکستان میں امریکی سفارت خانے اور تعلیم و آگہی نامی سماجی تنظیم کے تعاون سے پٹاخا پکچرز کے بینر تلے مینٹور شپ کے تیسرے پروگرام کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت سندھ اور بلوچستان کی خواتین فلم سازوں کو مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

ایوارڈ یافتہ فلم ساز نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کی خواتین فلم سازوں کے منصوبے کے تحت 20 خواتین فلم سازوں کو منتخب کیا جائے گا۔

منتخب ہونے والی فلم سازوں کو جوڑی کی صورت میں منصوبہ دیا جائے گا اور دونوں صوبوں کی فلم ساز خواتین مجموعی طور پر 10 فلمیں تیار کریں گی۔

مینٹور شپ پروگرام میں شرکت کی خواہش مند خواتین اپنی درخواستیں 25 نومبر تک بھیج سکتی ہیں۔ درخواست فارم ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

منتخب ہونے والی ہر جوڑی کو تقریبا 10 لاکھ روپے تک معاونت اور 9 ماہ تک امریکا اور اسکاٹ لینڈ کے فلم سازوں سے تربیت دلوائی جائے گی۔