ایک نیوز :شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بہادری سے جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو نماز جنازہ کے بعد فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈسٹرکٹ ٹانک کے 36 سالہ حوالدار سلیم خان، ڈسٹرکٹ کوہاٹ کے 37 سالہ نائیک جاوید اقبال، 26 سالہ بنوں کے سپاہی نذیر خان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
بیان کے مطابق ضلع مردان کے 25 سالہ سپاہی حضرت بلال، اورکزئی کے 22 سالہ سپاہی سیّد رجب حسین اور ضلع خیبر کے 22 سالہ بسم اللہ جان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء نے 4 مئی 2023ء کو شمالی وزیرستان کے علاقے دردانی میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران جام شہادت نوش کیا، ابتدائی طور پر بنوں اور بعد ازاں ان کے آبائی قصبوں میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور بعد ازاں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی افسران، جوانوں سمیت سول افسران، عوام اور شہداء کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔