ایک نیوز:میکسیکو کا ایک چھوٹا سا قصبہ لاس الگوڈونس جس کی آبادی تقریباً 7 ہزار نفوس پر مشتمل ہے اس قصبے میں دنیا میں فی مربع میل سب سے زیادہ دانتوں کے ڈاکٹرز موجود ہیں
میکسیکو کے شمالی پڑوسی، سپر پاور اور دنیا کے امیر ترین ملک امریکا سے ہر سال ہزاروں افراد لاس الگوڈونس نامی اس قصبے میں آتے ہیں، لیکن ان کے یہاں آنے کا مقصد خوبصورت ساحلی مقامات کی تفریح نہیں بلکہ دانتوں پر ملمع چڑھوانا، روٹ کینال اور ڈینٹل امپلانٹ ہوتا ہے۔
قصبے کی 7 ہزار کی آبادی میں لگ بھگ 600 دانتوں کے ڈاکٹرز ہیں، جبکہ قصبے کی چار مرکزی اسٹریٹس ڈینٹل کلینکس سے بھری پڑی ہیں جو کہ مختلف سروسز امریکا کے مقابلے میں بہت کم فیس پر فراہم کرتی ہیں۔ اسی وجہ سے نومبر سے اپریل کے مہینوں تک لاس الگوڈونس کی آبادی دگنی ہوجاتی ہے کیونکہ قصبے میں بڑی تعداد میں امریکی سیاح آجاتے ہیں، اس کے علاوہ کینیڈا اور برطانیہ جیسے دور دراز ملکوں سے لوگ یہاں آتے ہیں۔
گو کہ ان کلینکس میں سخت مقابلے کا رحجان ہے لیکن اس کے باوجود دانتوں کے مریض یہاں بہت بڑی تعداد میں علاج کے لیے آتے ہیں۔