ایک نیوز :میکائیلا ٹیسٹا نامی ایک خاتون نے مردوں سے دور رہنے کے لیے منگنی کی جعلی انگوٹھی پہن لی۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، مسلسل مردوں کی جانب سے آنے والی مختلف قسم کی آفرز سے تنگ آکر سوشل میڈیا انفلوئنسر میکائیلا ٹیسٹا نے منگنی کی جعلی انگوٹھی پہن لی۔
اُنہوں نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو میں منگنی کی جعلی انگوٹھی پہننے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ’جب بھی میں اپنی دوستوں کے ساتھ کسی بار، نائٹ کلب وغیرہ میں جاتی ہوں تو مجھے اور میرے دوست کو مردوں کی طرف سے ہراساں کیا جاتا ہے، اس لیے ہم نے منگنی کی جعلی انگوٹھیاں خرید کر پہن لیں‘۔
اُنہوں نے بتایا کہ’چونکہ مرد دوسرے مردوں کا زیادہ احترام کرتے ہیں تو اگر خاتون کی کسی دوسرے مرد سے منگنی ہوچکی ہو تو وہ خاتون کو بغیر کوئی ڈرامہ کئے تنہا چھوڑ دیتے ہیں‘۔
انفلوئنسرکی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں اُنہیں اپنی دوستوں کے ساتھ منگنی کی جعلی انگوٹھیاں پہنے ایک خوبصورت شام سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ مثالی طور پر ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ مردوں کو خواتین کی خواہشات کا احترام کرنا چاہیئے چاہے وہ منگنی شدہ ہوں یا نہیں۔