سرکاری محکموں میں فائل سسٹم بند،پیپر لیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری

May 05, 2023 | 18:35 PM

ایک نیوز :پنجاب کے سرکاری محکموں میں فائل سسٹم بند کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔پنجاب کی نگران کابینہ نے بھی منظوری دیدی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 15 واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب کابینہ کا ای گورننس کے لئے اہم اقدام،تمام محکموں میں فائل سسٹم بند کرنے کا فیصلہ  کیاگیا۔پیپر لیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری دے دی گئی ۔محکموں کے لئے ای فائلنگ سسٹم اپنانے کے لئے 15مئی تک کی مدت نافذ العمل ہوگی ۔ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے اربوں روپے کی بچت ہوگی ۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اے سی آرز کو بھی ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت  کردی۔
پنجاب کابینہ نے محکموں میں پیپر لیس سسٹم متعارف کرانے پر چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری عملدرآمد اور چیئرمین پنجاب ا نفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو مبارکباد دی۔
 پنجاب کابینہ نے گلگت  بلتستان او رکشمیر کے ذہین طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ  کرلیا۔کابینہ نے پنجاب حکومت کے پاس موجود لیپ ٹاپ ہونہار طلبا و طالبات کو دینے کی منظوری دے دی۔

نگران کابینہ نے دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق ہونے والے اچھرہ کے رہائشی نوجوانوں کے لواحقین کے لئے 15لاکھ روپے فی کس مالی امداد کی منظوری  بھی دیدی۔
پنجاب پولیس (منسٹریل پوسٹس) رولز 2017 میں ترمیم ، محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور این جی او”تارے زمین پر“ ٹرسٹ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی مشروط منظوری،کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور مفاہمتی یادداشت کاجائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرے گی ۔اجلاس میں صوبائی کابینہ کے 11 ویں، 12ویں، 13 ویں اور 14 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
 صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈڈویلپمنٹ کے دوسرے اور تیسرے اجلاس کے فیصلوں ،کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے پہلے اور دوسرے اجلاس کے فیصلوں،کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کے دوسرے، تیسرے اور چوتھے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
پنجاب کابینہ  کےاجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں