بلاول بھٹو  کا  بھارتی ہم منصب کو نمستے، سوشل میڈیا پر جنگ چھڑ گئی

May 05, 2023 | 16:28 PM

 ایک نیوز :  وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا دورہ بھارت کے دوران گوا میں بھارتی ہم منصب سے روایتی ملاقات کے دوران ہاتھ جوڑ کر نمستے کہنے کے انداز پرسوشل میڈیا پرگھمسان کی جنگ چھڑ گئی۔

 رپورٹ کے مطابق جنگ کا آغازپاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی جانب سے کی جانے والی ایک ٹویٹ سے ہوا جس میں انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر کی جانب سے وزیر خارجہ  بلاول بھٹو سے مصافحہ نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ڈپلومیسی میں ایسے اشارے انتہائی اہم ہوتے ہیں شکست خوردگی کا یہ انداز شرمنا ک ہے‘‘۔

 جس پر پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم گیلانی نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی شنگھائی کانفرنس کے شرکا سے ملاقات کی متعدد تصاویر شئیر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’’ پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا شرمنا ک ہے‘‘۔

 اپنے ٹوئیٹر ہینڈل سے قاسم گیلانی نے خاورگھمن کو بھی یہ جواب دیا کہ’’ تحریک انصاف کی جانب سے پراپیگنڈا بند کیا جائے ؒ بڑے ہوجائیں پلیز‘‘۔

تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نےگذشتہ رات ہونے والے ڈنر میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کے ایک ہی ٹیبل پر بیٹھے اور تبادلہ خیال پر ردعمل دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’’ پی ڈی ایم کے ہینڈلر او ر وفادار بھارت کی جانب سے مذاکرات سے انکار کے بعد بلاول بھٹو اور جے شنکر کی محض ملاقات کو بریکنگ نیوز اور اہم کامیابی بنا کر پیش کررہے ہیں ۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے صحافی منیزے جہانگیر اور احمد قریشی کے ٹویٹ کے امیج پوسٹ کئے تھے جس کے رد عمل میں منیزے جہانگیر نے سلگتا ہوا جواب دیا اور ٹویٹ کیا کہ’’ آپ میری اماں کی دوست ہیں اسلئے میں اپنا منہ بند ہی رکھتی ہوں مگر اپنی سیاسی  بلیوں کی لڑائی میں مجھے کیوں گھسیٹ رہی ہیں ، میں یہاں اپنی ڈیوٹی پر ہوں اور جہاں تک وفاداری کا تعلق ہے توسیاست آپ کی لائن ہے آپ کو زیادہ پتہ ہے کون کس کا کتناوفادار ہے‘‘۔

منیزے جہانگیرکی حمایت میں اعزاز سید بھی سامنے آگئے۔  ان کاکہنا تھاکہ ’’ جواب دینے کاسوچ ہی رہا تھا کہ منیزے نے جواب دے کر دل خوش کردیا‘‘

 جس پر شیریں مزاری نے  منیزے جہانگیر کے لئے پھر ایک  وضاحتی ٹویٹ کی  کہ ’’ آپ کی ٹویٹ پر بہت کم تبصرہ کرتی ہوں مگر جب آپ نے بلاول بھٹو اور ڈاکٹر جے شنکر کے محض  ا یک میز پر بیٹھنے کوکامیابی قرار دیا تورہا نہیں گیا۔ آپ میری عزیز ترین سہیلی کی بیٹی ہیں  آپ کے شوز میں بھی اسی لئے نہیں جاتی جہاں تعصب واضح ہوتا ہے اور  میں نرمی سے رد کرتی ہوں۔  لیکن ایک خاتون کے لئے محض سیاسی اختلاف رائے پر آپ کی جانب سے امتیازی اصطلاح ’’ کیٹ فائٹ ‘‘ کے استعمال پر صدمے میں ہوں‘‘

مزیدخبریں