ایک نیوز : پیرو میں چوری کی انوکھی واردات میں ایک دکان سے دو سو جوتے چرا لیے گئے لیکن اس عمل میں ایک غلطی چوروں کو بہت بھاری پڑ گئی۔
یہ واردات پیرو کے شہر ہیانکاو میں ہوئی جہاں تین افراد نے دکان میں گھس کر 200 سے زیادہ جوتے چوری کیے۔ لیکن یہ سارے قیمتی جوڑے صرف ایک پیر کے ہیں ۔
اس واردات کے مناظر دکان میں موجود سکیورٹی کیمرے نے محفوظ کیے ہیں۔
دکان کے مالک کے مطابق ان جوتوں کی مالیت 13 ہزار ڈالر سے زیادہ ہے تاہم چوروں کے لیے ان جوتوں کو بیچنا کافی مشکل ثابت ہو گا کیونکہ مسروقہ جوتوں میں ایک بھی ایسا نہیں جس کا جوڑا مکمل ہو۔
چوروں نے دکان میں شیلف پر موجود جو جوتے چوری کیے وہ تمام دائیں پیر کے جوتے تھے جن کا دوسرا پیر اندر گودام میں موجود تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چور رات کے اندھیرے میں دکان کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوتے ہیں اور پھر ایک سائیکل پر مختلف برینڈز کے جوتے رکھ کر فرار ہو جاتے ہیں۔