سپریم کورٹ فیصلوں اور آرڈر پرنظرثانی کابل سینیٹ سےمنظور

May 05, 2023 | 11:39 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:سینیٹ نے سپریم کورٹ فیصلوں اور  آرڈر پر نظر ثانی کا بل  کثرت رائے سے منظور کرلیا، ایوان میں سپلمنٹری ایجنڈا لانے پر تحریک انصاف نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اس کی مخالفت کی، چیئرمین کے ڈائس کا گھیراو بھی کیا اور نعرے بازی کی ۔ اپوزیشن ارکان نے توہین عدالت نامنظور کے نعرے لگائے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس ہوا،  مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے   سپریم کورٹ فیصلوں اور  آرڈر پر نظر ثانی کا بل پیش کیا، جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔اپوزیشن ارکان نے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں، ایوان میں شدید احتجاج کیا اور  چیئرمین ڈائس کے سامنے نعرے لگائے۔ سکیورٹی نے حکومتی اور  اپوزیشن بینچز کے درمیان حصار باندھ لیا۔  اپوزیشن ارکان نے توہین عدالت نامنظور کےنعرے لگائے۔

اپوزیشن کے احتجاج کے دوران سپریم کورٹ فیصلوں اور آرڈر پر نظر ثانی کا بل سینیٹ میں منظور کرلیا گیا۔ بل پیش کرنے کی تحریک کے حق میں 32  اور مخالفت میں 21 ووٹ آئے۔ تحریک انصاف کے سینیٹرز نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر ولید اقبال کا کہنا ہےکہ پارلیمنٹ کی توقیر کا درس دینے والوں نے آج بل پیش کر کے خود پارلیمان کی توہین کی ہے۔

سینیٹ اجلاس میں پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ ترمیمی بل 2023 اور کلام بی بی انٹرنیشنل ویمن انسٹیٹیوٹ، بنوں بل 2023 بھی منظور کئے گئے۔ چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹ اجلاس غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا۔

مزیدخبریں