ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل کی عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کاحکم واپس لینے کی استدعا مستردکرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی حفاظتی ضمانت میں 8 مئی تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق سلیم شیخ نے عثمان بزدار کی درخواست پر سماعت کی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارعدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے سرکاری وکیل کی عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کاحکم واپس لینے کی استدعا مستردکردی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیئے کہ سمجھ نہیں آتی ہر کیس میں گرفتاری کیوں درکار ہوتی ہے؟پرویز الٰہی کے گھر پر جو کچھ ہوا اس کے بعد آپ کو آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں،پیر تک گرفتار نہیں ہوں گے تو کچھ فرق نہیں پڑتا،ان کا ویک اینڈاچھا گزر جائے گا۔
عدالت نے عثمان بزدارکو گرفتارنہ کرنے کے حکم میں 8 مئی تک توسیع کردی اور کیس لارجر بنچ کو بھجوا دیا۔