لاہور: خراب موسم کے باعث PIA کا طیارہ بھارتی حدود میں داخل ہوگیا

لاہور: خراب موسم کے باعث PIA کا طیارہ بھارتی حدود میں داخل ہوگیا
کیپشن: Lahore: Due to bad weather, the PIA plane entered Indian territory(file photo)

ایک نیوز: لاہور میں خراب موسم اور طوفانی بارش سے بچنے کے لیے پی آئی اے کا طیارہ بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوگیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 248 سعودی شہر دمام سے لاہور آرہی تھی، طوفانی بارش کے باعث طیارہ لاہور ایئرپورٹ لینڈ نہ کرسکا۔

خراب موسم میں پرواز کا رخ لاہور سے ملتان کے لیے موڑتے وقت طیارہ بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوگیا۔

پی آئی اے کے پائلٹ نے بھارتی فضائی حدود میں داخلے سے متعلق بھارتی ایوی ایشن حکام کو آگاہ کیا۔

طوفانی بارش کے باعث پی آئی اے کی پرواز کے کپتان کو ملتان ایئرپورٹ رخ موڑنے کے لیے بھارتی شہر فیروز پور تک بھارتی فضائی حدود میں جانا پڑا۔

پی آئی اے کے کپتان نے بھارتی سول ایوی ایشن کو صورتحال سے مطلع کیا، بھارتی سی اے اے نے صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے کے طیارے کو رخ موڑنے کے لیے بھارتی حدود کے استعمال کی اجازت دی۔

بعد ازاں پی آئی اے کی پرواز بحفاظت ملتان ایئرپورٹ لینڈ کر گئی، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق موسم بہتر ہونے پر پرواز واپس لاہور لے جائی جائے گی۔