ایک نیوز: قلمدانوں کا فیصلہ کرنے کیلئے وزیراعظم کی وزراء سے الگ الگ ملاقاتیں ، ملاقات کرنیوالے وزراء کو زمہ داریوں سے متعلق آگاہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے مصدق ملک،اویس لغاری، طلال چودھری،عبدالرحمان کانجو نے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم نے بعض پرانے وزراء کے قلمدانوں میں بھی ردووبدل کا عندیہ دیدیا،وفاقی وزراء کو ایک سے زائد وزارت کے قلمدان چھوڑنا ہوں گے ،اہم وزارتوں میں وفاقی وزیر کے ساتھ وزیر مملکت بھی مقرر کیا جائے گا ۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پٹرولیم،توانائی، موسمیاتی تبدیلی، فوڈ سکیورٹی کے وزراء کو تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں، نجکاری،سرمایہ کاری، اسٹیبلشمنٹ کے وزیروں کی تبدلی متوقع ہے، احد چیمہ کی جگہ توقیر شاہ کو بیوروکریسی کی ذمہ داری ملے گی ۔
احد چیمہ کو اقتصادی امور ڈویژن کی ذمہ داری دینے پر مشاورت ہوئی،وزیراعظم نے پرویز خٹک کو شامل کرنے پر نالاں پارٹی ترجمان اختیار ولی کو بھی رام کرنے کی کوشش کی، پارٹی ترجمان اختیار ولی نے پرویز خٹک سے متعلق اپنے خدشات وزیراعظم کے سامنے رکھ دیئے ،وزیر اعظم نے اختیار ولی کو ساتھ لیکر چلنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے اختیار ولی خان کو اسلام آباد میں ہی قیام کرنے کی ہدایت کردی۔