ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمٰن نے سپین کے شہر بارسلونا میں سٹارلنک ٹیم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات بارسلونا میں جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر ہوئی، ملاقات میں دور دراز اور کم سہولت والےعلاقوں میں سستا اور معیاری براڈ بینڈ رسائی پر غور کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ سٹارلنک کی رجسٹریشن سیٹلائٹ ریگولیٹری باڈی کیساتھ جاری ہے، سٹارلنک کی ٹیم نے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے حل اور موبائل فون سروسز کیساتھ مسابقت اور دور دراز علاقوں پر ممکنہ اثرات پر بریفنگ دی،فریقین نے ریگولیٹری فریم ورک اور خدمات کے موثر انضمام پر مبنی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ سٹار لنک پاکستان میں 3گراؤنڈ سٹیشن قائم کرنا چاہتی ہے، پی ٹی اے نے سٹار لنک آپریشن سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کو تحریری جواب جمع کرادیا ہے۔

کیپشن: Chairman PTA meeting Starlink team in Barcelona