ایک نیوز:پاکستان میں عید الفطر 31مارچ کو ہونے کا امکان ہے، ہفتہ اتوار ساتھ منسلک ہونے سے سرکاری چھٹیوں کی تعداد پانچ ہو جائے گی جبکہ دو اضافی چھٹیاں کرنے والے9دن کی تعطیل کا مزہ لوٹ سکیں گے۔
دنیا بھر سمیت پاکستان میں مسلمانوں کے ماہ مقدس رمضان المبارک کا آغاز ہوچکا ہے اور پہلا عشرہ جاری ہے، اس ماہ مبارک میں جہاں اہل اسلام اللہ کی رضا کے لیے روزے رکھتے ہیں، وہیں انعام میں ملنے والے عید کے تہوار کی تیاریاں بھی کرتے ہیں۔
قمری ماہ 29 یا 30 ایام پر مشتمل ہوتا ہے، ہر سال لوگ بالخصوص بچے اس بات کے منتظر ہوتے ہیں کہ عید کا چاند 29 کا ہو گا یا 30 کا، ماہرین نے رواں ماہ رمضان سے متعلق پیشگوئی کر دی ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 29 مارچ 2025 کو پاکستان وقت کے مطابق دوپہر 3 بج کے 58 منٹ پر پیدا ہوگا، ماہرین فلکیات کے مطابق 29 ویں روزے کو شوال کا چاند نظر آنے کے لیے اتوار 30 مارچ کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر کم از کم 18 گھنٹے سے زائد ہونی چاہیے جب کہ سرچ کونسل کے مطابق 29 روزے کو افطار کے وقت پاکستان کے تمام علاقوں میں چاند کی عمر 26 گھنٹوں سے زائد ہوچکی ہوگی۔
اس پیشگوئی کے مطابق اتوار 30 مارچ 2025 کی شام پاکستان کے جس علاقے میں بھی مطلع صاف ہوا، وہاں چاند کی رویت با آسانی ہو جائے گی، اگر اتوار 30 مارچ کی شام پاکستان میں چاند نظر آیا تو ملک بھر میں عیدالفطر پیر 31 مارچ کو منائی جائے گی۔
31مارچ کو عید ہونے سے عید الفطر کی چھٹیوں کا دورانیہ طویل ہو سکتا ہے چونکہ عید کے ایام ہفتہ اور اتوار کے ساتھ منسلک ہوں گے، اس لیے عوام کو پانچ دن کی تعطیلات ملنے کا امکان ہے جبکہ دو اضافی چھٹیاں کرنے والے 9 دن کی تعطیل کے مزے لوٹ سکیں گے ۔

کیپشن: Waves of employees, long holidays on Eid-ul-Fitr