صدارتی انتخابات :الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی لسٹ شائع کردی

Mar 05, 2024 | 15:03 PM

ایک نیوز :صدراتی انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی لسٹ شائع کردی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی ون ٹو ون مقابلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ  نئے صدر مملکت کا انتخاب ہفتہ 9 مارچ کو ہوگا،صدارتی انتخاب کے لیے 7 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے جن میں پی پی کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری، سنی اتحاد کونسل کی جانب سے محمود خان اچکزئی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے۔

ان کے علاوہ اصغر علی مبارک، عبدالقدوس اور وحید احمد کمال سمیت 5 امیدواروں نے آزاد حیثیت میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے،الیکشن کمیشن کی جانب سے منظور کیے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق آصف زرداری اور محمود خان اچکزئی میں عہدہ صدارت کے لیے مقابلہ ہوگا۔

صدارتی الیکشن سے قبل سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ، سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتیں جاری ہیں ۔سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار برائے صدر محمود خان اچکزئی سے عمر ایوب، اسد قیصراور سنی اتحاد کونسل کے دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی ، ملاقات پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہوئی ، ملاقات میں صدارتی انتخاب پر مشاورت کی گئی۔

دوسری جانب حکومتی مذاکراتی وفد  چیئرمین سینیٹ چیمبر پہنچاجہاں انہوں نے چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی سے  ملاقات کی، حکومتی وفد میں یوسف رضا گیلانی، اسحاق ڈار، خورشید شاہ، نوید قمر، اعظم نذیر تارڑ شامل تھے، ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے صد خالد مگسی، سنیٹر عبدالقادر، پرنس عمر احمد زئی شامل تھے، ملاقات میں حکومتی وفد نے صدارتی انتخابات پر حمایت کی درخواست کی، بلوچستان عوامی پارٹی نے صدارتی انتخابات پر حکومتی امیداور کی حمایت کی یقین دہانی کرادی۔
 

مزیدخبریں