ایک نیوز :بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا بانی پی ٹی آئی نے کہا مینڈیٹ چوری کرنے والے اور کرپشن کرنے والوں کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں ہو سکتی، اگر چوروں کے ساتھ مفاہمت ہو تو پھر سارے چوروں کو رہا کر دینا چاہئے۔
تفصیلات کےمطابق بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا علی محمد خان نے جو پیغام بانی پی ٹی آئی کا دیا اس کا کافی ری ایکشن آیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم نے مفاہمت کی بات جو کی اس پر وضاحت ضروری ہے، نیلسن منڈیلا نے بھی اسی کو فالو کیا تھا، ووٹ چوروں کے ساتھ مفاہمت نہیں ہو سکتی۔
نمل نالج سٹی کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اس پر احتجاج کریں، نمل میں ہمارا 2 ہزار طلباء کے لیے جو پراجیکٹ شروع ہونا تھا وہ روک دیا گیا، نمل میں 95 فیصد بچے اسکالر شپ پر پڑھ رہے ہیں، 2 ہزار طلباء کو مزید داخلہ ملنا تھا، 200بچوں کے ایمرجنسی میں داخلہ ہوا ہے، اس پراجیکٹ کو نہیں روکنا چاہئے ، وزیر اعلی پنجاب کی ذمہ داری ہے کہ اس پراجیکٹ پر کسی کو تنگ نہ کیا جائے، ہم وارننگ دے رہے ہیں کہ یونیورسٹی کے طلباء کو تنگ نہ کیا جائے، ہمارے کنٹریکٹر کو کسی نے تنگ کیا تو پھر یونیورسٹی کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔