ایک نیوز :الیکشن کمیشن آزادکشمیر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈا پور کو 11 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ،الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے 11مارچ کو پیش نہ ہونے کی صور ت میں سخت کارروائی کا عندیہ دیدیا۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔رواں ماہ 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کے انعقاد کے بعد پی ٹی آئی نے 13 فروری کو علی امین گنڈاپور کو خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا تھا۔
علی امین گنڈا پور خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 133 سے کامیاب ہوئے ہیں، انہوں نے ڈیرہ اسمعٰیل خان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن کو بڑے مارجن سے ہرایا تھا۔علی امین گنڈاپور 93 ہزار 443 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے تھے جب کہ مولانا فضل الرحمٰن 59 ہزار 922 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔