ایک نیوز :وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لینے کے بعد شہبازشریف کو دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے شہبازشریف کو مبارکباد دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق روسی فیڈریشن کے صدر ولادی میر پوٹن نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تہنیتی پیغام بھیجا، ولادی میر پوٹن نے وزیر اعظم شہباز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی۔ترجمان روسی سفارت خانہ کے مطابق روسی صدر ولادی میر پوٹن نے پاکستان اور روس کے مابین دوستانہ تعلقات پر زور دیا, روسی صدر نے شہباز شریف کے وزیر اعظم کے عہدے کی کامیابی کےلئے ہر طرح کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب ایردوآن، تاجکستان اور ایران کے صدر نے بھی شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ادھر ملائشین وزیر اعظم انور ابراہیم نے فون پر اپنے ہم منصب شہباز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔انور ابراہیم نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، انہوں نے ملائیشین وزیر اعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے بھی شہباز شریف کو وزیر اعظم پاکستان کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ متعدد امور پر مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کو سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کو ایک ای میل میں کہا کہ ہم شہباز شریف کو پاکستان کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ملک کے ساتھ وسیع تر ایشوز پر تعاون جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔
دریں اثنا کینیا کے صدر ولیم ساموئی روتو نے وزیر اعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ محمد شہباز شریف کو بطور وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ کی جیت آپ کی جرات مندانہ اور ترقی پسند قیادت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کینیا دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کے لیے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نے گذشتہ روز پاکستان کے 24 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا اور وہ دوسری مرتبہ اس منصب پر فائز ہوئے ہیں۔ اس سے قبل پی ڈی ایم اتحاد میں وہ تقریباً 16 ماہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہے۔